لکھنؤ،(عمارالحق): دارالعلوم ندوۃ العلماء کے رواق ابوالحسن بالائی میں جمعرات، یکم اکتوبر ۲۰۲۶ء، مطابق ۱۸ ربیع الثانی ۱۴۴۸ھ، مسابقۂ برجستہ خطابت کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں طلبہ نے برجستہ اظہارِ خیال اور خطابت کی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ مسابقے میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کو انعامات سے نوازا گیا۔
اس موقع پر دارالعلوم ندوۃ العلماء کے استاذ، پندرہ روزہ اخبار ’’الرائد‘‘ کے چیف ایڈیٹر اور معروف ادیب مولانا ڈاکٹر محمد وثیق ندوی کی علمی و ادبی کاوش ’’تعالوا نتعلم‘‘ کے انگریزی ایڈیشن کی رسمِ اجرا بھی انجام دی گئی۔
’’تعالوا نتعلم‘‘ عربی زبان کی جدید اور مروجہ اصطلاحات سے متعلق ایک مفید اور رہنما کتاب ہے، جس میں مختلف عربی اصطلاحات کے معانی، ان کے درست استعمال کی عملی مثالیں اور انگریزی تراجم شامل کیے گئے ہیں۔ انگریزی ترجمے کے اضافے سے کتاب کی افادیت میں مزید وسعت پیدا ہوگئی ہے، جس کے باعث عربی زبان سیکھنے والے طلبہ کے ساتھ انگریزی زبان سے واقف قارئین کے لیے بھی کتاب سے استفادہ مزید آسان ہوگیا ہے۔
پروگرام میں دارالعلوم ندوۃ العلماء کے اساتذۂ کرام، مولانا خالد گونڈوی ندوی، مولانا ڈاکٹر محمد وثیق ندوی، مولانا انیس احمد ندوی، مفتی محمد ساجد ندوی، مولانا نعمان اختر ندوی، کے علاوہ ندوۃ العلماء کی شاخ معہد سیدنا ابوبکر صدیق کے اساتذہ مولانا انس احمد ندوی اور مولانا سعد مبین الحق ندوی نیز طلبہ کی کثیر تعداد موجود رہی۔
تقریب کے دوران ندوۃ العلماء کے اساتذہ نے طلبہ کی خطابت کی صلاحیتوں کو سراہا اور علمی و ادبی سرگرمیوں کے ذریعے طلبہ میں زبان و بیان کی مہارتوں کو فروغ دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا ۔
یہ بھی پڑھیں
